خیبرپختونخوا اسمبلی، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پرگرپال سنگھ بلامقابلہ ،شاہدہ وحید ٹاس کے ذریعے منتخب

پشاور:خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر دو اہم فیصلے سامنے آ گئے۔

اقلیتی نشست پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے گرپال سنگھ آفریدی بلامقابلہ منتخب ہو گئے جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی پی) کے درمیان ٹاس کے ذریعے فیصلہ ہواجس میں اے این پی کی شاہدہ وحید کامیاب قرار پائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اقلیتی نشست پر مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کے درمیان تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے سیاسی مفاہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاس سے قبل ہی جے یو آئی کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

اس فیصلے کے بعد جے یو آئی (ف) کے امیدوار گرپال سنگھ آفریدی بلامقابلہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ گرپال سنگھ کا تعلق خیبر ضلع کی تحصیل باڑہ کے ملک دین خیل قبیلے سے ہے۔

دوسری جانب، خواتین کی مخصوص نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے امیدواران کا معاملہ ٹاس تک پہنچا، جو الیکشن کمیشن کے دفتر میں منعقد ہوا۔

ٹاس میں اے این پی کی امیدوار شاہدہ وحید کو کامیابی حاصل ہوئی اور وہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن منتخب ہو گئیں۔

Scroll to Top