پشاور(محمد اعجاز آفریدی )حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ خوراک نے چینی کی زیادہ سے زیادہ ایکس مل قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مابین 14 جولائی 2025 کو ہونے والے معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔
محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 15 جولائی 2025 سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ،یہ قیمت ہر ماہ 2 روپے اضافے کے ساتھ بڑھائی جائے گی اور 15 اکتوبر 2025 تک 171 روپے فی کلو تک پہنچ جائے گی۔
اعلامیہ میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ایکس مل قیمت اور ریٹیل قیمت میں فرق 8 روپے فی کلو سے زائد نہ ہو تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
جاری ہونے والے اعلامیہ میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ضلعی حدود میں چینی کی پرچون قیمت مقرر کریں اور روزانہ کی بنیاد پر اس پر عملدرآمد کی رپورٹ بھیجیں۔
قیمت کے تعین میں ٹرانسپورٹیشن، ہول سیل اور ریٹیل مارجن، دکان کے کرایہ، پیکنگ اور لیبر چارجز مدنظر رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : بوگس بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کیس کامرکزی ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی گرفتار
اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔