وانا(نورعلی)جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں متحدہ سیاسی امن پاسون کے زیر اہتمام گذشتہ سات روز سے جاری متحدہ قومی امن دھرنے کے مطالبات پرقائدین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متحدہ سیاسی امن پاسون کے قائدین اور انتظامیہ کے درمیان متعدد مذاکراتی نشستیں ہوئیں، جن میں عوامی مطالبات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
متحدہ سیاسی امن پاسون کی جانب سے انتظامیہ کو تین اہم مطالبات پیش کیے گئے تھے جن میں امن و امان کی صورتحال، انگور اڈہ بارڈر کے مسائل اور معدنیات کے حوالے سے 13 نکاتی تجاویز شامل تھیں۔
مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد بالآخر آج ان مطالبات پر اتفاق رائے حاصل کر لیا گیا ہے جسے دھرنا قائدین ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
دھرنے میں ضلع ساؤتھ وزیرستان لوئر کے تمام مکاتبِ فکر، تاجر برادری، ٹرانسپورٹ و ڈرگ یونینز، انجمن تاجران، فورٹ یونینز، سماجی کارکنان، سیاسی ورکرز، اساتذہ یونینز اور پرائیویٹ اسکولز کی تنظیموں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
امن پاسون کی جانب سے تمام کارکنان، سول سوسائٹی، اور شریک تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کل صبح 9 بجے دھرنا پنڈال میں بھرپور شرکت یقینی بنائیںتاکہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کے سامنے کامیاب مذاکرات اور مطالبات کی منظوری کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکے۔
متحدہ سیاسی امن پاسون کے ترجمان کے مطابق دھرنا کل انتظامیہ کے باضابطہ اعلان تک اپنی جگہ پر قائم رہے گا۔