پشاور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق مختلف اہم درخواستوں پر آج سماعت ہوگی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل دو رکنی بینچ پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممبران کو آزاد قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جس پر آج سماعت متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے خلاف دائر درخواست بھی آج عدالت میں پیش کی جائے گی۔
سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے پی این آئی ایل فہرست سے نام نکالنے کے لیے دائر درخواست پر بھی آج سماعت ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے اپنے خلاف قائم مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست بھی آج عدالت میں سنی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
پشاور ہائی کورٹ میں ان تمام درخواستوں پر سماعت سیاسی اور قانونی حلقوں میں غیر معمولی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔





