عالمی بینک کا اعلیٰ سطح وفد 20 سے 26 جولائی تک پاکستان کا دورہ کرے گا

عالمی بینک کا اعلیٰ سطح وفد 20 سے 26 جولائی تک پاکستان کا دورہ کرے گا

عالمی بینک کا ایک اعلیٰ سطح وفد 20 جولائی سے 26 جولائی تک پاکستان کا دورہ کرے گا جس کی قیادت میناپ ریجن کے توانائی پریکٹس مینیجر حسام محمد بیدس کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفد پاکستان میں توانائی کے متعلقہ حکام سے تعارفی ملاقاتیں کرے گا اور جاری منصوبوں کا جائزہ لے گا، وفد میں محمد انیس، ولید السریح، وقار ادریس، گنجن گوتم اور مناہل رضا بھی شامل ہوں گے۔

عالمی بینک کا دوسرا وفد 21 جولائی سے 29 جولائی تک پاکستان پہنچے گا یہ وفد پاکستان میں بیسٹ پاک پروگرام کے تیاری مشن کے تحت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔

ذرائع کے مطابق تیاری مشن کے دوران بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے لیے سٹیٹ کام فیز 1 منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا، مشن کے دوران این جی سی، پاور ڈویژن، وزارت اقتصادی امور اور آئی ایس ایم او کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروگرام کا بنیادی ہدف وولٹیج کے استحکام، قابل بھروسہ ترسیل اور قابل تجدید توانائی کے نظام کے مؤثر انضمام کو یقینی بنانا ہے، پاکستان میں پہلی بار بڑے پیمانے پر سٹیٹ کام ٹیکنالوجی کا نفاذ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت میں بہتری کی جھلک، ہنڈرڈ انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

تیاری مشن میں توانائی، ماحولیاتی، ڈیجیٹل، مالیاتی اور سماجی شعبوں سے وابستہ ماہرین بھی شامل ہوں گے جو پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کریں گے۔

Scroll to Top