مہنگی بجلی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی) کے مطابق ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہ جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کر دی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 30 جولائی کو سماعت کرے گا، جس کے بعد فیصلہ متوقع ہے۔
درخواست کے مطابق جون کے مہینے میں ملک بھر کی بجلی کمپنیوں کو مجموعی طور پر 13 ارب 31 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی فراہم کی گئی، جس کی فی یونٹ اوسط لاگت 7 روپے 68 پیسے رہی۔ سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے لیے ریفرنس فیول لاگت 8 روپے 33 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی، جس کے مقابلے میں بجلی سستی پیدا ہوئی، اس لیے قیمت میں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
اگر نیپرا کی جانب سے سی پی پی اے کی درخواست منظور کر لی جاتی ہے، تو صارفین کو آئندہ ماہ کے بجلی بلز میں واضح ریلیف مل سکتا ہے، جو مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہو گی۔