اہم پارٹی اجلاس، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز مری پہنچ گئے

اہم پارٹی اجلاس، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز مری پہنچ گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس آج مری میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں پارٹی کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں وفاقی حکومت کی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب حکومت کے اقدامات اور عوامی فلاح کے لیے جاری منصوبوں سے متعلق نواز شریف کو آگاہ کریں گی۔

نجی ٹی وی چینل(ایکسپریس نیوز)کیمطابق اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کے نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا، خاص طور پر مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے جیسے حساس موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ، حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور ممکنہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کو تنظیمی طور پر مزید فعال اور متحرک بنانے سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ نواز شریف پارٹی رہنماؤں کو عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ہدایات اور رہنما اصول فراہم کریں گے، جب کہ پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اجلاس نہ صرف پارٹی کی داخلی صف بندی بلکہ آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے بھی فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top