خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ان نشستوں پر حلف لینا پارلیمانی سیاست کی تاریخ کا سیاہ باب ثابت ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد شدہ جماعتوں کو پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دی گئیں، جو آئینی و جمہوری اصولوں کے خلاف اور عوامی رائے کی توہین ہے۔ ان کے بقول’’26ویں آئینی ترمیم کا سہارا لے کر جس انداز میں مخصوص نشستوں پر قبضہ کیا گیا، وہ پارلیمانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘‘
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں پر زبردستی قابض ہو کر ان جماعتوں نے جمہوریت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ ’’اگر اپوزیشن میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ ان نشستوں کو قبول نہ کرتی۔ لیکن اقتدار کی ہوس نے انہیں اصولوں سے محروم کر دیا ہے۔‘‘
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عوامی حمایت حاصل کی ہے، اسی لیے وہ ہار کر بھی مطمئن ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں جیتنے کے باوجود غیر مطمئن دکھائی دے رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے اس بیان کو خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشمکش اور سینیٹ انتخابات کے تناظر میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کا یہ موقف ممکنہ عدالتی و آئینی کارروائیوں کا پیش خیمہ بھی بن سکتا ہے، جو صوبے میں پہلے سے جاری سیاسی بحران کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔