پشاور ہائیکورٹ کا اہم نوٹیفیکیشن، گورنر کے پی کو مخصوص نشستوں پر حلف لینے کی ذمہ داری سونپ دی گئی

Pakistan SCO Summit 2026

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا باضابطہ اختیار سونپ دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 255(2) کے تحت یہ فیصلہ جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 16 جولائی اور 20 جولائی 2025 کو باضابطہ طور پر حلف برداری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق:
گورنر خیبرپختونخوا خواتین اور غیر مسلموں کے لیے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے جلد از جلد آئینی حلف لیں گے۔

حلف برداری آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت متعین کردہ فارم کے مطابق ہو گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سیکرٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نوٹیفائیڈ ارکان کو اسمبلی کے رول آف ممبرز پر دستخط کے عمل میں مکمل سہولت فراہم کریں، جیسا کہ 1988 کے اسمبلی قواعد (رول 6) میں درج ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ ہونے کے باعث سیاسی کشیدگی اور سینیٹ انتخابات کے التوا کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔

عدالت کا یہ اقدام نہ صرف آئینی عمل کو تقویت دے گا بلکہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو ان کا جمہوری حق بھی فراہم کرے گا، جس سے سینیٹ انتخابات کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top