پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات میں خود سے ہی لڑ رہی ہے، علی امین پارٹی کو تقسیم کر رہے ہیں، محمود جان بابر

پشاور: سینئر صحافی محمود جان بابر نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف سینیٹ انتخابات میں عملاً خود سے ہی لڑ رہی ہے۔

ان کے بقول پارٹی جتنے امیدوار کھڑے کر رہی ہے، اتنے ہی آزاد امیدوار بھی تحریک انصاف سے وابستہ ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ پارٹی اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے۔

محمود جان بابر نے الزام لگایا کہ اس تقسیم کی بڑی وجہ قیادت کا بحران ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے بڑا بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی رویے نے تحریک انصاف کو ٹوٹ پھوٹ کی طرف دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی پالیسیوں پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ پارٹی نے خود ہی پیغام دیا کہ مخصوص نشستیں لینے والے چور ہیں، مگر آج انہی لوگوں سے گورنر ہاؤس میں حلف لیا جا رہا ہے اور انہیں ہی ووٹ دیا جا رہا ہے۔

محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک بیانیہ بنایا کہ ہر مخالف چور ہے، لیکن اب انہی پر بھروسہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ آج چور ہیں، کیا وہ کل صادق اور امین بن جائیں گے؟

یہ بھی پڑھیں : عرفان سلیم کی وفاداری اور جدوجہد کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے، ثمر ہارون بلور

انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے رویے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پارٹی اراکین نے اپنے دماغوں پر تالے لگا دیے ہیں اور چابی چیئرمین کو دے دی ہے، جس نے وہ چابی دریا میں پھینک دی۔ اب جو عمران خان سوچتے ہیں، وہی پوری پارٹی کی سوچ ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساری عمر جن افراد پر چوری اور بدعنوانی کے الزامات لگائے، انہی کے ساتھ آج سینیٹ انتخابات کے لیے بیٹھ کر ان سے زیادہ حصہ مانگا جا رہا ہے، جو خود تحریک انصاف کے بیانیے سے واضح انحراف ہے۔

Scroll to Top