خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون کے ایک اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی، شدید بارشوں کا خدشہ

خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون کے ایک اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی، شدید بارشوں کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون کے ایک اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کی ہے، جس کے تحت صوبے کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کیمطابق محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے اس نئے اسپیل کے اثرات دیر، کالام، سوات، کوہستان اور کشمیر کے علاقوں میں نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جہاں آئندہ دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بارشوں کے اس سلسلے سے نہ صرف موسم خوشگوار ہو گا بلکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ایک شخص جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے جاری مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں اب تک 216 افراد جاں بحق اور 582 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس دوران متعدد مکانات، پل اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہنگامی پلان فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ مقامی آبادی کو خطرناک علاقوں سے دور رہنے اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی تاروں اور درختوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی ریسکیو یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top