راولپنڈی: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 کے دوران ملک بھر سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے خصوصی ملاقات کی۔
اس سال انٹرن شپ پروگرام میں پاکستان کے 33 شہروں سے 6500 سے زائد طلبہ شریک ہیں، جن کا تعلق 150 سے زائد یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں سے ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کی فکری و عملی تربیت کا اہم ذریعہ بن رہا ہے اور قومی یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔
ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے اور قوم کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا جوش و خلوص ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
طلبا نے بھی اس موقع پر پاک افواج سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور کوئی ہمیں ان سے جدا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کا دشمن کو منہ توڑ جواب ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر 26 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے
طلبا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل کل بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر کی کوئی ناپاک کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یہ سمر انٹرن شپ نہ صرف نوجوانوں کو پاک افواج کے کردار سے روشناس کرا رہی ہے بلکہ ان میں قومی شعور اور خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دے رہی ہے۔





