اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت معرکۂ حق تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سمیت متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کی جانب سے معرکۂ حق کی تقریبات کے لیے مجوزہ منصوبہ جات اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ جشنِ آزادی 2025 کو ایک منفرد، باوقار اور پرجوش انداز میں منایا جائے گا تاکہ قوم کے اتحاد، ترقی اور خودمختاری کا واضح پیغام دنیا تک پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی دفاعی خودمختاری اور قربانیوں کا مظہر ہے اور اس برس یوم آزادی اور معرکۂ حق کے ذریعے دنیا کو بتایا جائے گا کہ پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح کی دنیا گواہی دیتی ہے، عطا تارڑ
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ قومیں عزم، ہمت اور تنظیم سے ترقی کرتی ہیں، یہی معرکۂ حق کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے اس سفر میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔





