واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات پر سابق صدر باراک اوباما پر شدید تنقید کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اوباما نے ہیلری کلنٹن اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف بغاوت کی قیادت کی اور غداری کے مترادف اقدامات کیے۔
ٹرمپ نے کہا کہ انتخابات میں مداخلت کے جھوٹے دعوے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چاہے وہ دعوے درست ہوں یا غلط، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان افراد کے پیچھے جایا جائے۔ انہوں نے اوباما کو رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کا دعویٰ بھی کیا۔
یہ تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب سابق صدر اوباما کی انتظامیہ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے روسی مداخلت کے بیانیے کو پروان چڑھانے کے لیے سازش کی تھی۔
اس حوالے سے نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے بھی کہا تھا کہ اوباما انتظامیہ کے عہدیداروں نے روسی مداخلت کے حوالے سے غدارانہ سازش کی۔
ٹرمپ نے تلسی گبارڈ کے دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر سابق صدر اوباما کی گرفتاری کی ایک اے آئی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔
یاد رہے کہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی، جبکہ رائے عامہ کے زیادہ تر جائزے ہیلری کے حق میں تھے۔ اس کے بعد امریکا میں روسی مداخلت کے مباحثے نے زور پکڑا تھا۔





