بحرین : بحرین میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پری کوارٹر فائنل میں احسن رمضان نے اپنے ہم وطن حسنین اختر کو 1-4 سے شکست دی۔ میچ میں احسن کی جیت کا اسکور 70-54، 107-0، 0-72، 106-32 اور 64-8 رہا۔
اس فتح کے ساتھ احسن رمضان نے نہ صرف ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی، بلکہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کی۔
دوسری جانب احسن رمضان اور شاہد آفتاب نے آئی بی ایس ایف ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنا لی ہے، جو کہ پاکستان کے لیے اسنوکر کے میدان میں ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔





