خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیس نظام میں نظم و ضبط کی ممکنہ خلاف ورزی سامنے آ گئی، جب 42 پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی سے انکار پر معطل کر دیا گیا۔ معطلی کے بعد پولیس نظام میں انتظامی بے نظمی اور اندرونی مسائل کے خدشات نے جنم لے لیا ہے۔
پولیس اعلامیے کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کو چیک پوسٹ پر ڈیوٹی کے لیے واضح احکامات جاری کیے گئے تھے، مگر اس کے باوجود انہوں نے وہاں حاضری سے انکار کیا۔ اس حکم عدولی پر محکمہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق مزید برآں، واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو ہر معطل اہلکار سے تحریری جواب طلب کرے گی اور واقعے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات کیے جائیں گے اور اگر کسی منظم نافرمانی یا اندرونی اختلافات کا ثبوت ملا، تو مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ واقعہ خیبر پختونخوا پولیس کے نظم و ضبط اور انتظامی کنٹرول پر سوالات اٹھا رہا ہے، جس پر اعلیٰ حکام نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔





