شاہ محمود قریشی باہر نہیں آ رہے، قیادت کی باتیں قبل از وقت ہیں، سلمان اکرم راجہ

شاہ محمود قریشی باہر نہیں آ رہے، قیادت کی باتیں قبل از وقت ہیں، سلمان اکرم راجہ

معروف قانونی ماہر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کے امکانات فی الحال موجود نہیں، اور ان کے حوالے سے پارٹی قیادت سنبھالنے کی باتیں قبل از وقت ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کیمطابق سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قریشی صاحب کے خلاف ابھی پانچ سے چھ مقدمات زیر سماعت ہیں، اس لیے ان کی جلد رہائی کی کوئی توقع نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام اور میڈیا کو غلط مفروضات سے گریز کرنا چاہیے۔

سلمان اکرم راجہ نے موجودہ ملکی صورتِ حال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا’’ہم سب فسطائیت کا شکار ہیں، اور اس میں کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں۔ جو کچھ عدلیہ اور نظامِ انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ یہ صرف پی ٹی آئی نہیں، بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔‘‘

انہوں نے نظامِ انصاف پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’یہ انصاف کا نظام نہیں رہا بلکہ ایک حملہ آور نظام بن چکا ہے، جو پوری قوم کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ زندہ قومیں ایسے حالات میں خاموش نہیں رہتیں بلکہ اس کا جواب دیتی ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی قوم کیا ردعمل دیتی ہے۔‘‘

سلمان اکرم راجہ کے ان بیانات کو ملکی سیاسی اور عدالتی بحران کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایک جانب پی ٹی آئی کی قیادت پر دباؤ ہے تو دوسری جانب عدالتی نظام پر تنقید بڑھتی جا رہی ہے۔

Scroll to Top