خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر 37 ارب روپے خرچ

خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر 37 ارب روپے خرچ

خیبرپختونخوا حکومت کی صحت کارڈ اسکیم کے تحت عوام کو مفت علاج کی فراہمی کے لیے گزشتہ مالی سال میں 37 ارب روپے خرچ کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال میں اس فلاحی منصوبے کے لیے مزید 41 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کیمطابق مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام انور نے بتایا کہ یہ اسکیم صوبے بھر میں موثر انداز میں جاری ہے، اور عوام کو سرکاری و نجی دونوں اسپتالوں میں علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت ٹرانسپلانٹ اینڈ ایمپلانٹ کارڈ کو بھی اسکیم کا مستقل حصہ بنا دیا گیا ہے، جو بستر مرگ پر موجود مریضوں کے لیے نئی امید بن چکا ہے۔

مشیر صحت کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں اس توسیعی پروگرام کے تحت 48 کامیاب ٹرانسپلانٹس اور ایمپلانٹس کیے گئے، جن پر مجموعی طور پر 118 ملین روپے خرچ ہوئے۔

23 کڈنی ٹرانسپلانٹس کے ذریعے تقریباً 45 ملین روپے کی لاگت سے مریضوں کی زندگیاں بچائی گئیں

4 لیور ٹرانسپلانٹس پر 25 ملین روپے خرچ کیے گئے

21 کوکلیئر ایمپلانٹس کے لیے 45 ملین روپے استعمال ہوئے، جن سے کئی بچوں کی سماعت بحال ہو گئی اور خاندانوں میں خوشیاں لوٹ آئیں

احتشام انور کا کہنا تھا کہ یہ سہولت اس بات کی ضامن ہے کہ صوبے کا کوئی شہری مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے، اور صحت کی بنیادی سہولتیں ہر ضرورت مند تک بلاامتیاز پہنچائی جا سکیں۔

ماہرین صحت نے ان اقدامات کو فلاحی ریاست کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے، جو نہ صرف علاج کی سہولیات تک رسائی بڑھا رہا ہے بلکہ لوگوں کا اعتماد بھی بحال کر رہا ہے۔

Scroll to Top