پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پیش آنے والے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مزید نقصانات سے بچاؤ کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور مشترکہ عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر حساس مقامات پر ایمرجنسی کیمپس قائم کر دیے ہیںجبکہ امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔
علی امین گنڈا پورنے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں نہ صرف سیلابی علاقوں میں سرگرم ہیں بلکہ روزمرہ کی ایمرجنسیز کو بھی بھرپور انداز میں نمٹا رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ تمام ادارے بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کو موسم کی صورتِ حال سے بروقت آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نےہدایت دی کہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے بھاری مشینری کی فوری دستیابی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پر 37 ارب روپے خرچ
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رکھے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔