وانا (نورعلی )جنوبی وزیرستان لوئر کےعلاقے وادی شکئی میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر عدنان داوڑ کی جانب سے شکئی کے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) میں دو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔؎
شکئی بی ایچ یو میں پہلے سے موجود ڈاکٹر نادر کے ساتھ اب ڈاکٹر اویس وزیر کو بھی تعینات کر دیا گیا ہےجس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج جاری کیا گیا۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر عدنان داوڑ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد وادی شکئی کے عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ لوگوں کو علاج کے لیے دور دراز کے اسپتالوں کا سفر نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر طبی خدمات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت سے تعاون کرتے ہوئے ان اقدامات کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ علاقائی سطح پر صحت کا نظام زیادہ فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ شکئی ہیلتھ سنٹر کے مسائل پر پشتون ڈیجیٹل نیٹ ورک کی ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس پر ڈی ایچ او نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف سنٹر کو فعال کرنے بلکہ تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔





