خیبرپختونخوا میں پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سینٹر فار ریسرچ قائم،وزیراعلی نے افتتاح کرلیا

خیبرپختونخوا میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی، ملاوٹ کی روک تھام اور سائنسی بنیادوں پر تجزیے کو یقینی بنانے کے لیے پہلی جدید ترین “پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سنٹر فار ریسرچ” قائم کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز حیات آباد پشاور میں صوبے کی پہلی جدید ترین پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سنٹر فار ریسرچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

یہ منصوبہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی (KPFS&HFA) کے زیر انتظام 905 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جو کہ سرکاری سطح پر آئی ایس او (ISO) معیارات کے مطابق قائم ہونے والی پہلی صوبائی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری ہے۔

یہ سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری ایک ہی چھت تلے 8 خصوصی لیبارٹریز، آن لائن رپورٹنگ سسٹم، مرکزی MIS، اور ڈیجیٹل ٹریس ایبیلٹی سسٹم سے آراستہ ہے۔

عوام اور خوراک سے منسلک کاروباروں کو فوری معلومات اور نتائج کی فراہمی کے لیے آن لائن رسائی کے جدید ٹولز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

مزید برآں، لیبارٹری صوبے کے 20 سے زائد اضلاع میں قائم فوڈ اتھارٹی کے دفاتر کو بطور سیمپل کلیکشن پوائنٹس بھی استعمال کریگا، تاکہ خوردنی اشیاء کی بروقت اور محفوظ جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس جدید لیبارٹری میں 100 سے ذائد مختلف اشیائے خوردونوش کے 1500 سے ذائد پیرامیٹرز کی ٹیسٹنگ کی جا سکتی ہے۔

خوراک میں مضر صحت ملاوٹ، مصنوعی رنگ، اور زہریلے کیمیکلز کی جانچ، افلاٹوکسنز، فارملین جیسے خطرناک کیمیکل کی نشاندہی، سالمونیلا، ای-کولائی، لسٹیریا اور پھپھوندی جیسے خوردبینی جراثیم کی نشاندھی ،خوراک میں غذائیت، چکنائی، پروٹین، نمی، راکھ، توانائی کی مقدار کا تجزیہ، دودھ و گوشت میں اینٹی بایوٹک ریزیڈیوز کی موجودگی،گوشت کی نوعیت کی شناخت، مثلاً خنزیر، گدھے یا کتے وغیرہ کے گوشت کی تصدیق اور حلال سرٹیفکیشن کے لیے ضروری سائنسی ٹیسٹ کی جا سکے گی۔

اسی طرح پانی اور مشروبات میں مضر صحت ہیوی میٹلز(heavy metals) مثلآ لیڈ(lead)اور ارسینک( arsenic)کی جانچ. جدید آلات جیسے گیس کرومیٹوگرافی(Gas Chromatography)، اٹامک ابزارپشن سپیکٹروسکوپی (Atomic Absorption Spectroscopy)، انڈکٹیولی کفلڈ پلازما آپٹیکل ایمیشن سپیکٹروسکوپی (Inductively Coupled Plasma Optical Emission Spectroscopy)، ہائی پرفارمنس اینڈ الٹرا ہائی پرفارمنس ( HPLC ,UHPLC)،فورئیر ٹرانسفرم انفرا رڈ سپیکٹروسکوپی (FourierTransform Infrared Spectroscopy)اور سپیشلائزڈ ڈیری، مائیکرو بیالوجی اور بیوریجز اینالائزر سے کی جائیگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ یہ لیبارٹری خیبرپختونخوا میں خوراک کے تحفظ کے میدان میں ایک گیم چینجر ہے، اب خوراک کی کوالٹی جانچنے کے لیے ہمیں کسی دوسرے صوبے یا نجی ادارے پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ یہ صوبائی سہولت نہ صرف سو سے زائد خوردنوش اشیاء کی پندرہ سو سے زائد پیرامیٹرز کی ٹیسٹنگ سے ملاوٹ،غیرمعیاری اور حرام کی مؤثر روک تھام کرے گا بلکہ عوام کو صحت مند زندگی کے حق کی فراہمی میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیبارٹری کا قیام فوڈ انڈسٹری کی رہنمائی، ریسرچ و ڈیولپمنٹ، اور قانون سازی کے لیے بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا یہ لیبارٹری نہ صرف ایک جدید سہولت ہے بلکہ خیبرپختونخوا میں محفوظ خوراک کی فراہمی، صنعتوں کی مؤثر نگرانی، اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، حکومت عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ لیبارٹری نہ صرف روزمرہ اشیائے خوردونوش کی جانچ کرے گی بلکہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر فوڈ فورٹیفکیشن، نیوٹریشن پروگرامز، اور سائنسی تحقیق میں بھی مرکزی کردار ادا کرے گی۔

Scroll to Top