پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان نے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل پر حالیہ پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں اعترافات کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا عہدے پر برقرار رہنا انصاف، اخلاقیات اور عوامی اعتماد کی توہین ہے۔
محمد ہمایون خان کا کہنا تھا کہ کوہستان اسکینڈل میں عوامی پیسے کی لوٹ مار اور مجرموں کے اعترافات نے پورے صوبے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اسکینڈل صرف کرپشن کا نہیں بلکہ صوبے کے عوام کے ساتھ سنگین دھوکہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اخلاقی اور جمہوری اقدار کا تقاضا ہے کہ وزیر اعلیٰ فوری طور پر استعفیٰ دے کر صاف و شفاف تحقیقات کا راستہ ہموار کریں۔
ہمایون خان کے مطابق پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو مزید دھوکے میں رکھنا ممکن نہیں رہا،کوہستان اسکینڈل عوامی وسائل کی لوٹ مار کی ایک شرمناک مثال ہے۔
ہمایون خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی بدترین نااہلی، ناکامی اور کرپشن کی سرپرستی کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے، کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے مجرموں کا اعتراف جرم، صوبائی حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو عوام کی خدمت کا مینڈیٹ ملا، وہی اس لوٹ مار میں ملوث نکلے۔
انہوں نےکہاکہ اگر صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی تو یہ اس کی اخلاقی، قانونی اور سیاسی موت کا اعلان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سینٹر فار ریسرچ قائم،وزیراعلی نے افتتاح کرلیا
ہمایون خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس لوٹ مار اور صوبے کی بدترین گورننس کو بے نقاب کرے گی،ہم عوام کے ساتھ ہیں، کرپٹ ٹولے کے خلاف آخری حد تک جائیں گے اور ہر صورت میں انصاف لے کر رہیں گے۔