اسلام آباد: اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان کے سیکرٹری تجارت جواد پال اور افغانستان کے افغان ڈپٹی وزیر تجارت ملا احمد اللہ زاہد نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ تجارتی معاہدہ یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے مؤثر رہے گا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے اپنی متعلقہ برآمدی اشیاء پر ٹیرف کی شرح میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کو افغان برآمدات میں شامل چار اشیاء—انگور، انار، سیب اور ٹماٹر—پر ٹیرف میں کمی دی جائے گی، جبکہ افغانستان کو پاکستان سے برآمد کی جانے والی چار اشیاء—آم، کینو، کیلا اور آلو—پر ٹیرف کی شرح کم کرنے کا حق حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : سابق صدر عارف علوی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری
معاہدے کے مطابق دونوں طرف ٹیرف کی شرح کو موجودہ 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد تک لایا جائے گا، جس سے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔





