ایشین کرکٹ کونسل اجلاس ، بھارت کی آن لائن شرکت ،پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں

ڈھاکا: ایشیائی کرکٹ کونسل (ACC) کا سالانہ اجلاس آج بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں بھارت سمیت 25 میں سے 24 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں۔

اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوا اور اس کے لیے لازمی کورم (کم از کم 13 اراکین کی موجودگی) مکمل کر لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق صدر اے سی سی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی موثر سفارتی کوششوں کے باعث اس بار اجلاس میں غیر معمولی شرکت ممکن ہوئی، خاص طور پر بھارت کی جانب سے آن لائن شرکت کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ بھارت حالیہ برسوں میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات میں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرتا رہا ہے۔

اجلاس میں ایشیا کپ 2025 کے انعقاد، میزبانی، فارمیٹ اور ممکنہ وینیوز پر تفصیلی گفتگو کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر تکنیکی اور انتظامی امور بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق بھارت کی شرکت ایشیائی کرکٹ میں برف پگھلنے کا اشارہ ہے، اور پاکستان کی موجودہ سرگرم سفارتکاری اور متحرک کردار سے ایشیائی کرکٹ فورم میں اس کا اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔

اجلاس کے نتائج سے آئندہ ایشیا کپ اور دیگر علاقائی ٹورنامنٹس کے مستقبل کا تعین متوقع ہے، جبکہ بھارت کی نرم ہوتی پالیسی کو پاکستان کی کرکٹ ڈپلومیسی کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top