میرپور، ڈھاکا کے شیرِ بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری معرکے میں پاکستان نے بنگلادیش کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز کا اختتام فاتحانہ انداز میں کیا۔
پاکستان نے یہ میچ 74 رنز سے اپنے نام کیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز بنائے۔ یوں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف ملا۔
اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ حسن نواز نے 33، محمد نواز نے 27 اور صائم ایوب نے 21 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور نسوم احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر نہ روک سکے۔
یہ میچ اگرچہ پاکستان نے جیت لیا، مگر سیریز پہلے ہی بنگلادیش کے نام ہو چکی تھی۔
میزبان ٹیم نے ابتدائی دونوں میچ جیت کر 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کی تھی۔پاکستانی ٹیم کے لیے یہ فتح کسی حد تک تسلی بخش ثابت ہوئی جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد ملا اور سیریز کا اختتام مثبت انداز میں ہوا۔





