کراچی: ملک سونے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد جمعرات کو ایک دن میں غیرمعمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے جس نے جیولری مارکیٹ اور صارفین دونوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، فی تولہ سونا 5900 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 59 ہزار روپے پر آ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5058 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 7 ہزار 784 روپے ہو گئی ہے۔
قیمتوں میں اس نمایاں کمی کی بنیادی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 61 ڈالر کی کمی ہے جس کے بعد عالمی سطح پر سونا 3363 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی عالمی قیمتوں میں یہ کمی امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے میں پیش رفت اور مذاکرات میں 90 دن کی توسیع کے باعث ہوئی ہے جس نے سرمایہ کاروں کو متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور کیا۔
پاکستانی مارکیٹ میں اس کمی کو وقتی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ عالمی سیاسی و معاشی حالات کے پیشِ نظر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔