سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آل پارٹیز کانفرنس آج، اپوزیشن کا بائیکاٹ کا اعلان

صوبے میں نئے آپریشنز کسی صورت قبول نہیں، گڈ طالبان کو ختم کرنا ہوگا ، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے خلاف کسی نئے فوجی آپریشن کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے آپریشنز سے کوئی پائیدار نتائج حاصل نہیں ہوئے اور اب مزید ایسی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نام پر ڈرون حملوں کا استعمال بند کیا جائے، کیونکہ ان حملوں میں بے گناہ شہری بھی نشانہ بنتے ہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی قسم کی سیکیورٹی کارروائی سے قبل صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے اندر وفاقی فورسز کی یکطرفہ کارروائیاں آئین کی خلاف ورزی ہیں، اور ایسی کسی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مؤثر سفارتکاری اور مذاکرات کے لیے قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگہ بھجوایا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی افغانستان جا کر خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ نے گڈ طالبان کے تصور کو بھی مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر صوبے سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید برداشت نہیں کریں گے۔

بارڈر سیکیورٹی اور تجارت کے حوالے سے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بارڈر پر دہشتگردوں کی دراندازی روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے، جبکہ صوبائی حکومت عوام اور پولیس کے ساتھ مل کر امن قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک افغان بارڈر کو محفوظ بنایا جائے اور تجارتی سرگرمیوں میں غیر ضروری مداخلت بند کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : کے پی حکومت کے زیر اہتمام اے پی سی آج ہوگی

علی امین گنڈاپور نے قبائلی اضلاع پر وفاقی ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر عملدرآمد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل، خاص طور پر معدنیات، پر صوبے کا آئینی حق ہے، اور ان پر مکمل اختیار خیبر پختونخوا حکومت کے پاس ہی رہے گا۔

انہوں نے این ایف سی ایوارڈ کی جلد تقسیم اور صوبے کے حصے کی فوری ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔

Scroll to Top