اپوزیشن اتحاد کا آل پارٹیز کانفرنس کب ہوگی؟ تاریخ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد حکومت کے خلاف عوامی طاقت سے بھرپور جدوجہد کرنا ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اتحاد کھیل تماشے کے لیے نہیں بلکہ حکومت کو ختم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے ذریعے عوامی نمائندگی کو تسلیم کیا جائے اور جس جماعت نے انتخابات جیتے اس کے رہنماؤں کو جیل میں قید رکھنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ شہباز اینڈ کمپنی نے طاقت کے ذریعے عوام پر تسلط قائم کیا ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔

اسی موقع پر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان آئینی اور نظریاتی تحریک ہے، جس کا مقصد نظام کو توڑنا نہیں بلکہ اسے بہتر بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں نجی بینک کیوں بند ہوئے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

انہوں نے 5 اگست کو عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیزاری کا بھرپور اظہار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل وکلاء اور خاندان کے بغیر جاری ہے۔

اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی کہا کہ ان کی تحریک کا پہلا قدم آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جہاں حکومتی جبر سے پریشان تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

Scroll to Top