سوات:( شہزاد نوید ) پولیس ٹریننگ اسکول سوات میں آج 17ویں بیچ کے 360 ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایک شاندار اور پروقار تقریب میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریننگ خیبرپختونخواہ، جناب ڈاکٹر اختر عباس تھے، جنہوں نے نئی بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ اسکول، جناب ایاز محمود نے ریکروٹس سے حلف وفاداری لیا۔ چیف ڈرل انسٹرکٹر کی قیادت میں جوانوں نے شاندار سلامی پیش کی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
اس بیچ میں شامل 360 ریکروٹس میں 17 لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھیں، جنہوں نے ملک بھر کے مختلف اضلاع سے آکر تربیت حاصل کی۔
تربیت کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں آل راؤنڈ بہترین، بیسٹ ان پریڈ، بیسٹ ان لاء، بیسٹ مارکس مین، اور بیسٹ ان سپورٹس کے ایوارڈز دیے گئے۔ ساتھ ہی توصیفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں لاکھوں موبائل فون بند، پی ٹی اے نے اصل وجہ بتا دی
مارشل آرٹس، ATS ڈیمانسٹریشن، اور پریڈ میں بہترین مظاہروں پر مہمان خصوصی ڈاکٹر اختر عباس اور بریگیڈئیر عامر جمیل نے ریکروٹس کو خوب داد دی۔ مقررین نے جوانوں کو ملک و قوم کی خدمت اور محکمہ پولیس کا فخر بننے کی تلقین کی۔
تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر خان، ڈی پی او سوات محمد عمر خان، دیگر پولیس افسران، فوجی حکام اور معززین نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر اختر عباس نے ٹریننگ اسٹاف کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان ریکروٹس محکمہ پولیس کے قابل فخر سپاہی بنیں گے۔





