پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان سمیت پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ انہوں نے یہ بات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کو یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا و طالبات نے پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس معرکہ حق میں فتح میں عوام خصوصاً نوجوانوں کی بھرپور حمایت نے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل نے بلوچ عوام کے تعلقات کو پاکستان کے ساتھ مذہب، تاریخ، ثقافت اور روایات کے مضبوط رشتوں سے جوڑا اور واضح کیا کہ دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں پولیس ریکروٹس کی پروقار پاسنگ آؤٹ، مارشل آرٹس اور انعامات کا جشن
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر طلبا و طالبات نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور مزید ایسے انٹرایکٹو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ فوج اور نوجوانوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔





