پشاور: خیبرپختونخوا کے شہرپشاور کے 62 یونین کونسلز میں انٹیگریٹڈ ایوننگ آؤٹ ریچ سروس کے تحت شام کے وقت ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جس کا مقصد ویکسین کی کوریج کو بہتر بنانا اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور دیگر بڑے ہسپتالوں میں بھی شام یا 24 گھنٹے ویکسی نیشن سروسز کو فعال کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کے لیے ہے جو دن کے وقت کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے ویکسینیشن نہیں کروا پاتے۔
اب وہ شام کے اوقات میں ویکسی نیشن کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ علاوہ ازیں 24 گھنٹے ویکسی نیشن سروسز ہنگامی حالات میں بھی عوام کو تحفظ فراہم کریں گی۔
بچوں کو پیدائش کے وقت دی جانے والی ویکسینز جیسے پولیو، بی سی جی، ہیپاٹائٹس بی کے علاوہ دیگر ضروری ویکسین جیسے خسرہ، تشنج، اور خناق بھی فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سے کوئٹہ جانیوالی ٹرین سیکیورٹی وجوہات پر سبی میں روک دی گئی
محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام دیہی اور شہری علاقوں میں ویکسی نیشن تک رسائی بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہے، اور ویکسی نیشن ٹیمیں یونین کونسلز میں جا کر عوام میں آگاہی مہم بھی چلائیں گی۔
یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا اور بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔