ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور طلبا و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، شرکا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی فتح صرف پاک افواج ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مذہبی امتیاز سے بالاتر ہو کر ہر چیلنج اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوتی ہے اور کامیابی حاصل کرتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ تاریخ، قومی نصب العین اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت یک دل اور یک جان ہیں، انہوں نے پاکستان کو ایک امن پسند اور ترقی کی راہ پر گامزن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دشمن ہمارے قومی اتحاد اور یکجہتی کے باعث اپنے مذموم عزائم میں ہمیشہ ناکام رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل وطن عزیز کے روشن مستقبل کی ضامن ہے اور ان کے کردار کو مزید مثبت اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آپریشن پر اعتراض؟ محسن نقوی نے علی امین گنڈا پور کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ملاقات کے دوران طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی استحکام کے لیے فوج کے کردار کو سراہا۔