خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے تریچ میر ٹریکنگ ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیاجس میں 20 ٹریکرز خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر انتظام مہم میں شریک ہیں۔
ترجمان کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق ٹریکرز چترال سے براستہ موروئی، کوغزی، ریشن اور گلغاری پختوری روانہ ہوئے اور اگلے روز اویئر شبرونز سے ٹریکنگ کرتے ہوئے شوخورشال کیمپ میں قیام کریں گے، ٹیم تریچ میر بیس کیمپ میں قیام کرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ بلند ترین چوٹی تریچ میر پر سرکاری سطح پر سمٹ ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال ہاشم عظیم نے ٹریکرز کو رخصت کیا اور ایونٹ کو پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریکنگ سرگرمیاں مقامی معیشت، پورٹرز اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے 9 زندگیاں نگل گئے، 12 افراد لاپتہ، بڑے پیمانے پر تباہی
ڈی سی ہاشم عظیم نے ٹورازم اتھارٹی کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم یہاں آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ایونٹ کے دوران ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے شرکاء کو ٹی شرٹس اور پانی کی بوتلیں بھی فراہم کی گئیں۔