فیلڈمارشل سید عاصم منیر کا دورہ چین، سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

فیلڈمارشل سید عاصم منیر کا دورہ چین، سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے حالیہ دنوں عوامی جمہوریہ چین کا ایک اہم سرکاری دورہ کیا، بیجنگ میں چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

سپہ سالارِ پاکستان نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ یی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی و عالمی سیاسی منظرنامے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت روابط کے فروغ اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور خودمختاری، مساوی تعاون، اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کی مسلح افواج کے کلیدی کردار کو سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو شیاء، پیپلز لبریشن آرمی کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن سے ملاقاتیں کیں۔

پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر آمد پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کا عکاس تھا۔

ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی، مشترکہ تربیت، دفاعی نظام کی جدید کاری اور ادارہ جاتی روابط بڑھانے جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی عسکری قیادت نے دو طرفہ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں پاکستان کے تعمیری کردار کی بھرپور ستائش کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فوجی سطح پر تعاون کو ہر ممکن حد تک وسعت دی جائے گی۔

Scroll to Top