پاکستان نے دہشتگردی سے منسلک سیکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا، طلال چودھری

پاکستان نے دہشتگردی سے منسلک سیکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا، طلال چودھری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے  کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی سے منسلک سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا پتہ لگا لیا ہے اور اس حوالے سے 2417 شکایات زیر غور ہیں۔

طلال چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو انتہاپسندی کی طرف راغب کر رہے ہیں جس کا فوری سدباب ضروری ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ اقوام متحدہ نے تحریک طالبان پاکستان اور داعش خراسان پر پابندیاں عائد کی ہیں جبکہ امریکا اور برطانیہ نے بلوچ لبریشن آرمی کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط مورچہ قائم کر چکا ہے اور ملکی ادارے اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت داخلہ انہوں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دہشتگردی سے متعلق مواد کو فوری ہٹائیں اور جدید تکنیکی نظام جیسے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے خودکار نگرانی اور بلاکنگ کا نظام قائم کریں۔

ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے جو دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی دی جائے تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کھڑی کر رہا ہے مگر اظہار رائے کی آزادی کو کسی صورت دبایا نہیں جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس جنگ میں بھرپور حصہ لے گا اور ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

مشیر قانون اور انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے جس کے باعث نہ صرف جانی بلکہ مالی نقصانات بھی ہوئے ہیں، بہت سے دہشتگرد گروپس نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام متحدہ کی فہرست میں بھی کالعدم قرار دیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ امین گنڈا پور خاموش کیوں ہیں؟ جواب دیں، طلال چودھری

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ وہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر قائم ہونے کا خیرمقدم کریں گے کیونکہ اس سے پاکستان میں ان پلیٹ فارمز کی نگرانی بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ طلال چودھری نے درست نشاندہی کی کہ دہشتگرد گروپ واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز بھی چلا رہے ہیں، جس پر فوری قابو پانا ضروری ہے۔

Scroll to Top