وفاقی ادارہ شماریات نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 8 روپے فی کلو کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم حقیقت میں مختلف شہروں میں چینی اب بھی 172 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 188 روپے سے کم ہو کر 180 روپے فی کلو تک آ گئی ہے مگر کراچی میں 200 روپے ،پشاور میں 190 روپے، کوئٹہ میں 184، لاہور میں 180 اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 185 روپے فی کلو پر چینی فروخت ہوتی رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اس ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح میں 4.07 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ شرح 2.22 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران گیس کی قیمت میں 29.85 فیصد اور بجلی کے نرخوں میں 21.46 فیصد کا اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : عدالتی معاملات 2 شفٹوں میں چلانے کا معاملہ زیر غور ہے ، چیف جسٹس پاکستان
اسی عرصے میں ٹماٹر کی قیمت میں 22.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب کچھ اشیائے خوردونوش میں کمی بھی دیکھی گئی، جیسا کہ زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں تقریباً 8 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ پیاز، آلو، کیلے اور گندم کے آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔





