خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 28 جولائی سے 31 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں جو لینڈ سلائیڈنگ، اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہیں۔
متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں شامل ہیں:
سوات، دیر، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں گلیات، مانسہرہ، نوشہرہ، شانگلہ، صوابی اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ دریائے سوات، چترال اور پنچکوڑہ میں پانی کی سطح بڑھنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا بھی امکان ہے۔
پیشگی اقدامات:
تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی وسائل کو متحرک رکھنے کی ہدایت
ریسکیو 1122 اور امدادی اداروں کو تیار رہنے کا حکم
کسانوں کو فصلوں کی فوری کٹائی اور ذخیرہ کرنے کی ہدایت
شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی اپیل
پی ڈی ایم اے نے عوام سے گزارش کی ہے کہ ژالہ باری، آندھی اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 یا ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔





