اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 8 قیمتی جانیں ضائع اور 24 مسافر زخمی ہو گئے۔ یہ اندوہناک واقعہ موٹر وے پر ڈھوک سیال کے قریب پیش آیا، جب بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر کلر کہار اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی قرار دی گئی ہے۔
متاثرہ بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی اور رفتار پر قابو نہ پانے کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔
حادثے نے چھٹی کے روز کئی گھروں میں صفِ ماتم بچھا دی، جبکہ سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں ٹرانسپورٹ حکام کی نگرانی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیورز کی تربیت اور بسوں کے فٹنس معیار پر سخت نگرانی کی جائے تاکہ اس طرح کے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔





