تاریخی ترسیلات زر، وزیراعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت اسکیم جاری رکھنے کا حکم

تاریخی ترسیلات زر، وزیراعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت اسکیم جاری رکھنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ریکارڈ ترسیلاتِ زر کو سراہتے ہوئے ورکرز ریمٹینس انسینٹیو اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے وزارتِ خزانہ کو اس اسکیم کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کیمطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’’بیرون ملک مقیم پاکستانی ہماری طاقت اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں‘‘۔ ان کے مطابق، مالی سال 2024-2025 کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے تاریخی سطح کی ترسیلات، 38 ارب 30 کروڑ ڈالرز پاکستان بھیجیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترسیلات زر سے نہ صرف درآمدی بل کی ادائیگی ممکن ہوئی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترسیلاتِ زر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید برآں، وزیراعظم نے ایف بی آر میں عالمی معیار کا ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس مقصد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top