این اے 129 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے جاری افواہوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی تمام خبریں جھوٹ اور پروپیگنڈا ہیں۔
قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ)کے مطابق حالیہ دنوں میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش رہیں کہ حماد اظہر نہ صرف این اے 129 سے ضمنی الیکشن لڑنے جا رہے ہیں بلکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی انہیں ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔ ان خبروں نے سوشل میڈیا پر خاصی ہلچل مچا دی، تاہم حماد اظہر نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔
انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا’’دو درویش طبیعت افراد سے میں نے بہت کچھ سیکھا۔ ایک میرے والد اور دوسرا عمران خان۔ والد اللہ کو پیارے ہو گئے اور خان صاحب دو سال سے ناحق جیل میں ہیں۔ کاش آج میں خان صاحب سے مل سکتا اور ان کے گلے لگ کر اپنا دکھ کم کر سکتا۔‘‘
تحریک انصاف کے رہنما ابوذرسلمان نیازی نے بھی واضح الفاظ میں کہا’’حماد اظہر کے کسی اور جماعت، جیسے کہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی خبریں مکمل طور پر جھوٹی اور محض پروپیگنڈا ہیں۔ وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ’اپنی آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ ہوں‘۔‘‘
ان کے اس بیان کو حماد اظہر نے بھی ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس کی تائید کی۔
دوسری جانب، صحافی عمر دراز گوندل کا دعویٰ تھا کہ حماد اظہر کے پاس دو سیاسی ٹکٹیں موجود ہیں اور ان کے والد میاں اظہر کے انتقال کے بعد وہ این اے 129 سے ضمنی الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔ ان کے خاندان کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ ن لیگ کی حکومت نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی نے حماد اظہر کو ضمنی انتخاب میں امیدوار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ کسی قانونی پیچیدگی کی صورت میں ان کی فیملی سے ہی متبادل امیدوار سامنے لایا جائے گا۔
ادھر ن لیگ کی جانب سے میاں نعمان، رانا مشہود اور مہر اشتیاق نے ٹکٹ کے حصول کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔ حتمی اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے بعد متوقع ہے۔





