شاہراہ بابوسر کے علاقے تھک بھاشہ میں سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے جہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق تھک بھاشہ میں جاری سرچ آپریشن کے دوران سیلابی ملبے سے انسانی جسم کے کچھ اعضا برآمد ہوئے ہیں.
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان اعضا کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت ہے، انتظامیہ اور پولیس نے ان اعضا کو جمع کر لیا ہے اور جلد ہی انہیں فرانزک لیبارٹری بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ نیاٹ ویلی بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کی زد میں آ گئی ہے جہاں 8 چھوٹے گاؤں مکمل طور پر نیست و نابود ہو چکے ہیں، امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو نیاٹ ویلی روانہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان گلگت بلستان حکومت فیض اللہ فراق نے مزید کہا کہ انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ سوات، محکمہ داخلہ نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے آئی جی کو خط ارسال کردیا
حالیہ سیلاب نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے مرکزی شہر چلاس سے بابوسر تک 15 کلومیٹر سڑک کو بھی بہا لے گیا ہے جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بحالی اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں