امن جرگے کی سفارشات پر عمل یقینی بنایا جائے گا، افتخار حسین

امن جرگے کی سفارشات پر عمل یقینی بنایا جائے گا، افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ قومی امن جرگہ میں پیش کی گئی سفارشات کو ہر قیمت پر عملی جامہ پہنایا جائے گا تاکہ اس سرزمین کے عوام کے خون کا حساب لیا جا سکے اور آنے والی نسلوں کو ایک پرامن اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

میاں افتخار حسین نے باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہونے والے قومی امن جرگہ کی شاندار کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں، قبائلی مشران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باشعور افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ جرگے میں تمام طبقات کی بھرپور شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، آئینی حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرگے میں پیش کی گئی قیمتی تجاویز قومی یکجہتی، عوامی شراکت اور اجتماعی شعور کی نمائندگی کرتی ہیں اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر قومی مسائل کا دیرپا حل ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، پی ٹی آئی یکم اگست کو حکمت عملی کا اعلان کریگی ، جنید اکبر

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان تجاویز کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ پائیدار امن کا خواب حقیقت بن سکے۔

Scroll to Top