وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا قومی سانحہ ہے اور اس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سزا یافتہ اور نااہل ارکانِ اسمبلی کی جگہ جلد ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
رانا تنویر حسین نے بانی تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوغلی سیاست اور جھوٹ اب قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کو کمزور کرنا ہے اور وہ اب بھی اسی ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے اسرائیلیوں کے مہمان نہیں بلکہ ان کے اپنے ہیں اور جو دوسروں کے بچوں پر تنقید کرتا رہا وہ آج مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ایسی کوئی سوچ موجود نہیں تاہم اگر وزیراعلیٰ ایوان میں اکثریت کھو دیں تو تبدیلی منتخب ارکان کا جمہوری حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امن جرگے کی سفارشات پر عمل یقینی بنایا جائے گا، افتخار حسین
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔