اسمبلی میں آواز دبائی جا رہی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، 5 اگست کو پرامن احتجاج ہوگا، عمر ایوب

اسمبلی میں آواز دبائی جا رہی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، 5 اگست کو پرامن احتجاج ہوگا، عمر ایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان میں حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات کو اسمبلی کارروائی سے حذف کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اظہار رائے کی آزادی بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے۔

عمر ایوب نے پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہے، ’’1500 روپے کا بجلی بل 15 ہزار تک پہنچ چکا ہے، پیٹرول، گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ سالانہ ساڑھے چار سو ارب روپے کا پیٹرول ایران سے اسمگل ہو رہا ہے، اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کھلے عام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ملک میں چینی بحران پیدا کیا جا رہا ہے، اور اس کے پیچھے بااثر شخصیات شامل ہیں، جن میں سابق صدر آصف زرداری کے شوگر ملز بھی شامل ہیں ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہیں۔‘‘

عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے جیل میں روا رکھے گئے سلوک کو ’’غیر انسانی‘‘ اور ’’سیاسی انتقام‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں بنیادی انسانی حقوق کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔

انہوں نے خیبر ضلع کے تیراہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’’نہتے عوام پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف فوری انکوائری ہونی چاہیے۔’’ ان کا کہنا تھا کہ ‘‘ڈی چوک میں بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ کی گئی تھی، اور عوام پر طاقت کا استعمال ملکی حالات کو مزید خراب کر سکتا ہے۔‘‘

عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آل پارٹیز کانفرنس میں کسی بھی آپریشن کی مخالفت کی ہے، اور 5 اگست کو پرامن احتجاج کی بھرپور تیاری مکمل ہے۔ ’’یہ احتجاج عوامی مسائل اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہوگا۔‘‘

عمر ایوب نے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یا تو وہ اے این ایف سے معافی مانگیں یا ڈی جی اے این ایف سے ثبوت مانگیں۔ انہوں نے کہا’’رانا ثنا اللہ پہلے اپنے منشیات کیس کی وضاحت کریں، پھر دوسروں پر بات کریں۔‘‘

اس کے ساتھ ہی انہوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ساڑھے چار سو ارب روپے کی گندم کا حساب دیں جو عوامی وسائل سے متعلق ایک سنجیدہ سوال ہے۔

Scroll to Top