نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کی سہولت کے لیے ایک اور جدید سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہری نادرا سروس سینٹرز پر اپوائنٹمنٹ اب گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے بُک کر سکیں گے۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ جلد ہی ’’پاک آئی ڈی‘‘ موبائل ایپ میں اپوائنٹمنٹ بکنگ کا فیچر شامل کر دیا جائے گا، جس کے ذریعے شہری نادرا سینٹرز پر بغیر قطار میں لگے اپنی باری مقرر کر سکیں گے۔
ابتدائی مرحلے (فیز وَن) میں اس سہولت کو ملک بھر کے 43 رجسٹریشن سینٹرز میں فعال کیا جا رہا ہے۔ اس جدید سہولت سے نہ صرف عوام کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ نادرا دفاتر میں رش کم ہونے سے عملے کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
مزید برآں، نادرا نے واضح کیا ہے کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پاکستان میں مقیم شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی نادرا کی شناختی دستاویزات کی فیس آسانی سے آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔
یہ قدم ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوامی خدمات کو جدید، آسان اور مؤثر بنانا ہے۔





