آئی فون 17 پرو سیریز کی اہم تفصیلات منظر عام پر، ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں اور طاقتور فیچرز شامل

ایپل کے آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فونز، آئی فون 17 پرو اور پرو میکس سے متعلق دلچسپ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ لیکس کے مطابق نئی سیریز میں نہ صرف ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں بلکہ کیمرہ، پروسیسر اور بیٹری میں بھی نمایاں بہتری دیکھی جائے گی۔

تازہ رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 پرو اور پرو میکس ستمبر 2025 کے آخر میں ایپل کے سالانہ ایونٹ میں پیش کیے جائیں گے۔ ان ماڈلز میں کئی نمایاں تبدیلیاں اور نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے جو صارفین کے لیے ایک نیا تجربہ ثابت ہوں گے۔

ایپل اس بار ٹائٹینیم کی جگہ ایلومینیم فریم استعمال کر رہا ہے، جو ہلکا اور مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ فون کے وزن میں کمی لائے گا۔ فون کی پشت پر ایلومینیم اور گلاس کا امتزاج ہوگا، جس کا نچلا حصہ گلاس سے تیار کیا جائے گا تاکہ وائرلیس چارجنگ کو سپورٹ کیا جا سکے۔

نئی سیریز میں ری ڈیزائن شدہ ڈائنامک آئی لینڈ شامل ہوگا، جو پہلے سے زیادہ کمپیکٹ اور جدید ہوگا۔ کیمرہ سیٹ اپ میں بھی بڑی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ،ایک بڑا مستطیل کیمرا بمپ ہوگا جس میں تینوں کیمرہ لینسز مثلثی انداز میں ترتیب دیے جائیں گے۔

کیمرہ فیچرز کے حوالے سے آئی فون 17 پرو اور پرو میکس میں 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اور 24 میگا پکسل فرنٹ کیمرا شامل ہوں گے جو اعلیٰ معیار کی سیلفیز اور ویڈیو کالز کو بہتر بنائیں گے۔ ساتھ ہی 8K ویڈیو ریکارڈنگ اور ڈوئل ویڈیو موڈ جیسی خصوصیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ایپل ان ماڈلز میں A19 Pro چپ متعارف کرائے گا، جو TSMC کے 3nm پروسیس پر تیار کی جائے گی۔ اس چپ کے ساتھ 12 جی بی ریم ہوگی جو ایپل انٹیلیجنس (AI) فیچرز کو سپورٹ کرے گی۔
بیٹری لائف کو بہتر بنانے کے لیے 5000mAh سے زائد بیٹری متوقع ہے، جو پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں طویل استعمال کی سہولت دے گی۔

اس کے علاوہ Qi 2.2 وائرلیس چارجنگ اسٹینڈرڈ کے ساتھ 25W تیز رفتار چارجنگ اور 7.5W ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔

نئے رنگوں میں پپایا اورنج اور ڈارک بلیو شامل کیے جائیں گے، جو صارفین کو مزید دلکش آپشنز فراہم کریں گے۔

ایپل کی روایت کے مطابق آئی فون 17 سیریز کی باضابطہ رونمائی ستمبر 2025 میں ہونے والے ایونٹ میں متوقع ہے، جس کا صارفین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top