پختون ڈیجیٹل رپورٹ پر فوری ایکشن، ممبر اسمبلی نے زمونگ کور حویلیاں کی ناقص سہولیات کا فوری نوٹس لے لیا

ایبٹ آباد: ( رپورٹر حمد اللہ خان ) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری رجب علی عباسی نے زمونگ کور حویلیاں میں ناقص سہولیات پر فوری نوٹس لے لیا ہے۔

یہ نوٹس اس وقت سامنے آیا جب پختون ڈیجیٹل نے ادارے میں سہولیات کی کمی سے متعلق رپورٹ شائع کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ شہلا بانو نے زمونگ کور حویلیاں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے ،ادارے کے مختلف شعبوں سمیت ہاسٹل کا وزٹ کروایا۔

دورے کے دوران سیدہ شہلا بانو نے ہاسٹل میں صفائی کے ناقص انتظامات، پنکھوں کی خرابی، ادویات کی کمی اور کھانے کے ناقص معیار پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جس کے بعد ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری رجب علی عباسی نے ادارے میں سہولیات کی کمی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے غیر سنجیدہ رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم ادارے میں ایسی صورتحال ناقابل قبول ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زمونگ کور میں سہولیات کا فقدان، سیدہ شہلا بانو نے نوٹس لے لیا

انہوں نے بتایا کہ زمونگ کور میں پنکھے خراب ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بھی ناقص ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد تمام خرابیوں کو دور کیا جائے گا اور ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو متحرک کیا جائے گا۔

Scroll to Top