احتجاج سے متعلق تحریک انصاف کا پلان سامنے آگیا

احتجاج سے متعلق تحریک انصاف کا پلان سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مجوزہ احتجاج کے حوالے سے ابتدائی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جنید اکبر نے انکشاف کیا ہے کہ احتجاجی مہم کو ’’تحفظ آئین پاکستان‘‘ کے بینر تلے منظم کیا جائے گا، جس کی قیادت سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی کریں گے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ 5 اگست کے احتجاج کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

’’یہ فیصلہ متفقہ ہے کہ اس احتجاج کی قیادت تحفظ آئین پاکستان کرے گی۔‘‘

جنید اکبر نے واضح کیا کہ احتجاج کے دائرہ کار—یعنی ملک گیر سطح پر ہوگا یا علامتی—کا حتمی فیصلہ آل پارٹی کانفرنس میں ہوگا، جو 31 جولائی کو دو روزہ اجلاس کے بعد سامنے آئے گا۔

’’کچھ ساتھی ملک بھر میں بھرپور احتجاج کے حق میں ہیں، جبکہ چند قائدین علامتی احتجاج کی رائے دے رہے ہیں۔ جو بھی فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی، صوبائی قیادت اس پر عمل کرے گی۔‘‘

تحریک انصاف کے مطابق، احتجاج کے حوالے سے اگلا بڑا قدم آل پارٹی کانفرنس ہوگی جس میں احتجاج کے مقامات، نوعیت اور طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، اس احتجاج کا مقصد آئین کی بالادستی، بنیادی حقوق کی بحالی اور سیاسی گرفتاریوں کے خلاف پرامن آواز بلند کرنا ہے۔

Scroll to Top