فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت ’’معرکۂ حق‘‘میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے اور اب دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے، مگر یہ تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی، جس میں سول سرونٹس، ماہرین تعلیم، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہائبرڈ جنگ کے ذریعے پاکستان کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر یہ گروہ بھی بھارت ہی کی طرح ’’معرکۂ حق‘‘ میں ذلت آمیز شکست سے دوچار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نہ مذہب دیکھتی ہے، نہ فرقہ اور نہ نسل، اس لعنت کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی عزم، اتحاد، اور یکجہتی ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، لیکن عوام کے حوصلے بلند اور عزم غیر متزلزل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کی صورت میں قومی وقار، سرحدوں کی حفاظت، اور عوام کی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ تمام اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قومی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔