وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان نہ آنے کی ہدایت کو ’’سیاسی ڈرامہ‘‘ قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق یہ ردعمل خواجہ آصف نے اس بیان کے بعد دیا جو عمران خان نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران دیا تھا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ ’’میرے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے، وہ کسی احتجاجی تحریک میں نہ شریک ہوں گے نہ قیادت کریں گے۔‘‘
خواجہ آصف نے عمران خان کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’بانی پی ٹی آئی کا کوئی بھی عمل سیاسی یا مالی مفاد کے بغیر نہیں ہوتا۔ یہ بھی بہت سے ڈراموں میں سے ایک ڈرامہ ہے، جس کا اصل مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے، نہ کہ والد اور بیٹوں کی ملاقات۔‘‘
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ’’تحریک انصاف کے کارکنان اور ان کے بچے تو ہر تحریک میں قربانی دیتے ہیں، جبکہ عمران خان کی اولاد بیرونِ ملک محفوظ رہتی ہے۔ ان کے لیے قربانی صرف دوسروں کی اولاد اور دوسروں کا مال ہے۔ تاریخ میں اس سے بڑی نوسربازی شاید ہی کسی نے کی ہو۔‘‘
خواجہ آصف کے بیان نے ایک بار پھر پی ٹی آئی قیادت اور حکومت کے مابین سیاسی محاذ آرائی کو تازہ کر دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عمران خان کی قانونی اور سیاسی پوزیشن مسلسل چیلنج کا شکار ہے۔